کراچی(ویب ڈیسک) ماہرین صحت نے گرمیوں میں خربوزے اور تربوز كا استعمال انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے شہریوں کو ٹھیلوں پر کٹے ہوئے پھل کھانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمی میں شہری ٹھیلوں پر كٹے ہوئے خربوزے، تربوز یا كوئی پھل لینے سے گریز کریں كیونكہ پھل كو ٹھیلوں پر كاٹ كر ركھنے سے اس میں گرد، مٹی اور دھواں بھی شامل ہوجاتا ہے جوكھانے سے نقصان پہنچاسكتا ہے۔
ٹھیلوں پر تربوزكو كاٹ كر ركھنے سے جراثیم كی بھی نشوونما شروع ہوجاتی ہے لہٰذا كوئی بھی پھل لینے سے قبل اپنے سامنے كاٹیں اور گھر پہنچتے ہی پھل كو فریج میں ركھ دیں جب کہ كوشش كی جائے كہ كٹا ہوا پھل نہ خریدا جائے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ كراچی شدید گرم موسم كی لپیٹ میں ہے اس لیے گرمی میں دوپہر كے وقت ہلكی غذا كھانے كے بعد خربوزہ یا تربوز مفید ہوتا ہے كیونكہ ان دونوں پھلوں میں قدرتی طورپرپانی كی وافر مقدار شامل ہوتی ہے جو جسم كے لیے فائدے مند ہوتی ہے۔
ماہرین طب كا كہنا تھا كہ شام كے اوقات میں چائے كے ساتھ تلی ہوئی اشیاء (پكوڑے، سموسے) كی بجائے تازہ پھلوں كا استعمال كریں، گرم موسم میں تلی ہوئی اور بیسن كی اشیاء نقصان پہنچا سكتی ہیں۔