متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد miN انضمام کے بعد ذیلی شعبہ جات کے انضمام کا عمل جاری ہے، جس کے تحت شعبہ اطلاعات کی تنظیم نو کردی گئی۔
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں ہفتے کو مرکزی شعبہ اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شعبہ اطلاعات کے تمام اراکین نے شرکت کی اجلاس کی صدارت ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن نے کی۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سید امین الحق و دیگربھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہارالحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو سمجھ کر اور برداشت کر کے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ شعبہ اطلاعات کسی بھی سیاسی جماعت کا کلیدی شعبہ ہوتا ہے او ر اسکو تنظیم کے ہر محاز پر کارکردگی دکھانی ہوتی ہے بلکہ جماعت کی پالیسی کو آگے بڑھانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتے حالات نے شعبہ اطلاعات کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں کہ جب پرنٹ میڈیا کی جگہ الیکٹرانک میڈیا نے لی اور اب علاقائی طور پر الیکٹرانک میڈیا وجود میں آرہا ہے اور علاقائی سطح پر ہی سیاسی،سماجی پہلوسے ایک دوسرے کا مقابلہ کیا جائیگا جس کیلئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔
اجلاس کے آخر میں رابطہ کمیٹی نے مرکزی شعبہ اطلاعات کی 20رکنی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے احسن غوری کو انچارج جبکہ 02 جوائنٹ انچارجزمقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔
