کراچی : ملکی سیاست میں بڑی ہلچل شروع ہو چکی , معاشی بحران , بے روزگاری , مہنگائی سمیت مختلف مسائل سے نکلنے کے لئے نئی سیاسی صف بندی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور بااثر حلقوں نے بھی اس جانب سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
گوکہ اس بات کی تردید کی جا رہی ہے مگر با وثوق ذرائع کا کہنا ہے اس نئی سیاسی جماعت کے قیام کے لئے ن لیگ کے شاہد خاقان , مفتاح اسماعیل , امیر مقام , سعد رفیق ,ایم کیو ایم کے منقسم ڈھڑے کے اہم رہنما سابق گورنر عشرت العباد , بابر غوری , واسع جلیل , آفا ق احمد , پی ٹی آئی سے منحرف جہانگیر ترین , عون چوہدری , فیصل وائوڈا جبکہ سابق وزیر داخلہ سندھ ذو الفقار مرزا , ناہیدخان ,صفدر عباسی , فنکشنل لیگ کے رہنمائوں , بلوچ رہنمائوں ثنا اللہ زہری اور اختر مینگل سے رابطے جاری ہیں ۔
سینئرسیاستدان علیم خان نے اس سلسلے میں فی الحال کوئی آمادگی ظاہر نہیں کی جبکہ سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدانوں چوہدری نثاراور اعتزاز احسن سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا جائے گا۔
بااثرحلقے,تاجر برادری اور صنعتکار ملک کی موجودہ سیاسی قیادت سے مایوس ہو چکے ہیں اور نئی سیاسی صف بندی کو ملکی مفاد میں نیک شگون قرار دے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی صف بندی عام انتخابات سے قبل مکمل ہو جائے گی اور قومی سطح کی یہ نئی سیاسی جماعت کراچی سے لے کر پختونخوا تک سے اپنے نمائندے انتخابی میدان میں اتارے گی۔نئی سیاسی جماعت کا نام , منشور اور پرچم جلد ہی سامنے آجائے گا جبکہ اس قیادت کون کرے گا اس حوالے سے اعلان بھی جلد ہی متوقع ہے۔
