کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کھیل ایک ایسی شاندار سرگرمی ہے جو رواداری کو فروغ دیتی ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے بالحاظ دیگر عدم برداشت ناسور بن کر ہمارے معاشرے کو کھا رہی ہے۔
سید نعمان احسن ڈی جی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کرکٹ میچ ، این ای ڈی یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشروں نے عدم برداشت کے رویوں کو ترک کردیا ہے اور اسے سخت ناپسند قرار دیا ہے، وہ دلائل اور مکالموں سے ایک دوسرے کو قائل کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے نوجوانوں نے کتابوں کے مطالعہ، کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں بشمول مباحثے کے مقابلوں اور اسٹڈی سرکلز میں شرکت کی روایات کو ترک کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو یہاں اسپورٹس سرگرمیوں میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ملک کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو تعلیم، صلاحیت سازی، روزگار اور دنیا کے ساتھ رابطے کے لیے ایک ٹول کے طور پر استعمال کریں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا سے فائدہ نہیں اٹھا رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ طلباء کی تربیت کے لیے کھیلوں اور پریڈ کوچز کی خدمات حاصل کریں اور ان سرگرمیوں کو تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں والدین سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں، مباحثوں اور اس طرح کی دیگر سرگرمیوں میں لینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی مدد کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مذہب ہمیں رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں پھیلائی جانے والی انتہا پسندی نہ صرف پورے عالم سے بلکہ ہمیں خود سے بھی الگ تھلگ کر دے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن پروفیسر طارق رفیع نے تقریب کی صدارت کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام یونیورسٹیوں میں کھیلوں کو فروغ دیں گے۔
