کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے گزشتہ دنوں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی ہے،اپنے بیان میں کنوینراوراراکین رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ اشتعال انگیزاسلامو فوبک عمل دنیا بھرکے 1.5 بلین مسلمانوں کے مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچاتا ہے،ایسی کارروائیاں آزادی اظہاررائے کے کسی بھی جائزاظہارکے تحت نہیں آتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اورپاکستان سمیت دنیا بھرکے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں،ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیئے،عالمی برادری کو اسلاموفوبیا،زینوفوبیا،عدم برداشت اورمذہب یا عقیدے کی بنیاد پرتشدد پراکسانے کیخلاف مشترکہ عزم ظاہرکرنے،بین المذاہب ہم آہنگی اورپرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے مل کرکام کرنیکی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تحفظات سویڈن کے حکام تک پہنچائے اورسویڈن حکومت پر زوردے کہ وہ پاکستانی عوام اوردنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔
