ملک کے مختلف شہروں میں د ھند ، موٹرویز بند، آج بھی سردی

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی تاہم دن کے اوقات میں سورج اپنے جلوے دکھاتا رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ وز الائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری ہوئی۔ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔

مالم جبہ 06، استور 2.5 اور چترال میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقا مات پر ہلکی بارش اورپہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔ کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی08،استور، گوپس ، کالام، پاراچنار منفی 07،بگروٹ، مالم جبہ، قلات ، کوئٹہ منفی 05،مری اور سکردو میں منفی 04 سینٹی گریڈ ریکارڈر کیا گیا۔ لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 08ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔آج بھی شہر کا موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے ۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہورسے کوٹ مومن تک، موٹر وے ایم 4 کو فیض پور سے رجانہ تک جبکہ موٹرے وے ایم 11 کو لاہورسے سمبڑیال تک بند کردیا گیا ۔قومی شاہراہ پر ملتان کے گردونواح میں بھی شدید دھند ہے، جس کے باعث حد نگاہ 20 سے40 میٹر رہ گئی ۔موٹروے پولیس نے روڈ یوزرز کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ۔کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینوں کا شیڈول گزشتہ روز بھی متاثر رہا۔ ٹرینوں کے اپنی منزل مقصود پر گھنٹوں تاخیر سے پہنچنے کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ روز کراچی سے براستہ فیصل آباد لالہ موسی جانے والی ملت ایکسپریس 5 گھنٹے 25 منٹ ،کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس 4 گھنٹے 40 منٹ ،کراچی سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس 4 گھنٹے 30 منٹ ،کراچی سے براستہ فیصل آباد پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس 8 گھنٹے 10 منٹ ،کراچی سے لاہور آکر پشاور جانے والی خیبر میل 2 گھنٹے 10 منٹ لیٹ رہی۔ دیگر ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔