Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
مصطفیٰ‌کمال کی ڈرامائی گرفتاری کے بعد رہائی | زرائع نیوز

مصطفیٰ‌کمال کی ڈرامائی گرفتاری کے بعد رہائی

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال کے بعد پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کو رہا کر دیا ہے۔

مصطفی کمال نے رہائی کے بعد پیر کی علی الصبح میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے جابر اور ظالم حکمرانوں کو خوفزدہ کر دیا۔

پاکستان سر زمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی گئی۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ مصطفیٰ کمال نے شہر میں پانی کی عدم فراہمی، واٹر سیوریج بورڈ کی خود مختاری، سڑکوں کی تعمیر، تعلیم کی بہتری، کے الیکٹرک کی اوور بلنگ، شہر کے ہسپتال، سڑکوں اور پارکوں کے میٹروپولیٹن کے حوالے کرنے پر مشتمل 16 مطالبات کے حق میں وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کا اعلان کیا تھا۔

شاہراہ فیصل پر واقع ایف ٹی سی سینٹر سے اتوار کی شام اس مارچ نے چلنا شروع کیا لیکن چند قدم کے بعد پولیس نے عائشہ باوانی کالج کے قریب رکاوٹیں کھڑی کرکے انھیں روک دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب، وقار مہدی اور دیگر رہنما مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے لیکن مصطفیٰ کمال نے مطالبات تحریری طور پر تسلیم کرنے کے علاوہ زبانی یقین دہانی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

مصطفیٰ کمال کی قیادت میں کارکنوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس حکام نے انھیں بتایا کہ وہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکتےاس کے باوجود کارکن آگے بڑھے تو پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔

مصطفیٰ کمال نے پولیس حکام سے شکایت کی کہ انھوں نے ایک بھی پتھر نہیں پھینکا پھر شیلنگ کیوں کی گئی جس کے بعد مصطفیٰ کمال سمیت رضا ہارون اور ڈاکٹر صغیر احمد کو گرفتار کر لیا گیا تاہم چند گھنٹے کے بعد انھیں رہا کر دیا گیا۔

پی ایس پی کے رہنما آصف حسنین کا کہنا تھا کہ ان کی ریلی پر امن تھی اگر کارکن مشتعل ہو جاتے تو شہر بھر میں ہنگامے ہوجاتے، وہ عوام کے مطالبات منوانے جا رہے تھے حکومت گرانے کے لیے نہیں۔

پولیس

پی ایس پی کے رہنما اشفاق منگی کا کہنا تھا کہ وہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہو رہے تھے بلکہ مذاکرات کر رہے تھے لیکن پر امن لوگوں پر تشدد کر کے جمہوریت کا جنازہ نکالا گیا۔

ادھر صوبائی وزیر امداد علی پتافی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پی ایس پی کی قیادت سے مذاکرات کیے مگر مظاہرین ریڈ زون میں آنے کو بضد تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا ‘پاکستان پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اس لیے کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کو روکنے کے لیے مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔

خیال رہے کہ پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے دیگر جماعتوں کو بھی اس مارچ میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم کسی دوسری جماعت نے اس میں شرکت نہیں کی۔