کراچی: سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بینظیربھٹواس بات کےحق میں تھیں کہ سرائیکیوں کوصوبہ ملے، پاکستان کے حق میں قرارداد کی منظوری کی طرح سندھ نے ہر معاملے میں پہل کی روایت کو آج تک برقرار رکھا ہے۔
وہ محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے سندھو ماتھری اور سرائیکی وسیب کی تہذیبوں اور لوگوں کی آپس میں محبتوں کو پروان چڑھانے کے لیے منعقدہ پروگرام “سندھی سرائیکی سانجھ” سے خطاب کررہے تھے،اس مو قع پر انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی نے پاکستان کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر جیسے عظیم لیڈرز کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سندھی سرائیکی ایک دوسرے کی بات آسانی اور محبت سے سمجھ سکتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبوں کو دئیے تا کہ وہ اپنے فیصلے خود کر سکیں،انہوں نے کہا کہ صوبہ ملنے کے بعد محرومیاں ختم ہو سکتی ہیں،اصل بات یہ ہے کہ سرائیکی والوں کی اپنی نمائندہ اسمبلی ہونی چاہیئے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کو ان کی شناخت کا حق پیپلز پارٹی نے دیا، آج ان کو این ایف سی سے حصہ مل رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے سینیٹ میں سرائیکی صوبے کا بل منظور کروا لیا تھا، وہ ابھی اسمبلی سے منظور ہونا باقی تھا،اسی دوران انہیں وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا۔
