کراچی: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی کونسل کا اجلاس صوبائی صدر شاہی سید کی زیر صدارت باچاخان مرکز سندھ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر سے صوبائ کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کی نظامت اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کی ۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
صوبائی جنرل سیکرٹری نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس کے آغاز میں سانحہ پشاور پولیس لائن کے شہداء، سانحہ تاندہ ڈیم کوہاٹ کے شہدا اور سانحہ بیلہ بلوچستان کے بس حادثے کے شہداء سمیت پختون قومی تحریک کے تمام شہداء کے ایصال ثواب کے لیئے اجتماعی دعا کی گئی ۔
پہلے سیشن کے آغاز میں ضلعی تنظیموں کے زمہ داران نے اپنے اضلاع کی تنظیمی رپورٹس پیش کیے۔ ضلع وسطی کراچی کی کارکردگی رپورٹ ضلعی جنرل سیکرٹری گل ریحان موسیٰ خیل نے پیش کی۔ ضلع شرقی کراچی کی رپورٹ ضلعی جنرل سیکرٹری رؤوف داوڑ نے پیش کی۔
ضلع ملیر کی رپورٹ ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی فضل ربی نے پیش کی۔ ضلع کورنگی کی رپورٹ قائم مقام ضلعی صدر نصیب اورکزئ نے پیش کی۔ ضلع جنوبی کراچی کی رپورٹ ضلعی جنرل سیکرٹری جاوید خان نے پیش کی ضلع کیماڑی کی رپورٹ ضلعی صدر علی کاکڑ نے پیش کی ، ضلع غربی کراچی کی رپورٹ ضلعی جنرل سیکرٹری آمیرنواب چغرزئ نے پیش کی۔
اجلاس میں پیش کی گئی قراردادوں اور آئینی ترامیم کو کونسل اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ صوبائی کونسل کے اختتام پر صوبائی صدر شاہی سید نے اجلاس سے خطاب کیا اور کونسل کے اراکین کی جانب سے کیئے گئے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہی سید کا کہنا تھا کہ میڈیاں کے توسط سے اپنی آواز حکام بالا تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ اس شہر کے مسائل کا حل بااختیار بلدیاتی نظام میں ہے, بااختیار بلدیاتی نظام کے لیئے شفاف انتخابات ضروری ہے, لیکین بدقسمتی سے اس ملک میں آج تک شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہیں۔ الیکشن سسٹم میں ریفارمز وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ہونے والے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سرکاری وسائل اور آر آوز کی مدد سے انتخابات میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ عمل کراچی شہر کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی بنیاد بناجبکہ دوسری جانب الیکشن کی رات آر آوز کی مدد سے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرکے پیپلز پارٹی نے کراچی شہر سے جعلی مینڈیٹ حاصل کیاجبکہ دوسری جانب جماعت اسلامی نے انتخابی مہم کی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کیئے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کراچی شہر کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں کیونکہ جینے والی جماعتیں پہلے ہی دن سے دست وگریباں نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی شہر کے ساتھ مزید سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔ پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں شاہی سید کا مزید کہنا تھا کہ ڈومیسائل کے نام پر کراچی کے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے, شہریت کے قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے , 40 سال سے کراچی شہر میں رہنے والوں کے بچوں کو بھی ڈومیسائل کے حق سے محروم کیا جارہا ہے, سندھ حکومت کراچی شہر کے پختون علاقوں میں گزشتہ دس سالوں سے نامکمل منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرے۔
انہوں نے باچاخان جنرل اسپتال اور پٹھان کالونی میں 50 بستروں کے اسپتال کی جلد سے جلد تعمیر اور فنکشنل کرنے کا مطالبہ کیا ۔
