اسلام آباد ، پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس لائنز مسجد دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔صدر مملکت نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زخمیوں سے بات چیت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔صدر مملکت کے ہمراہ نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان بھی تھے۔
انہوں نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی اور واقعہ میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔صدر نے زخمی پولیس اہلکاروں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دنیا میں کہیں اس کی مثال نہیں ملتی، حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے، دہشت گردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے، پولیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھنائونا واقعہ تھا۔
انہوں نے کہا میری آمد میں تاخیر کی وجہ امدادی سرگرمیوں میں خلل کا باعث نہ بننا ہے، جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر عارف علوی سے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے چیف منسٹر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور امن عامہ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
