انقرہ ،دمشق ،اسلام آباد ،ریاض : ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد ہلاکتوں کے تعداد 12 ہزار سے بھی بڑھ گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ متاثرین کی تعداد دو کروڑ 30 لاکھ سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، پاک فضائیہ کا دوسرا سی۔130 طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ لے کر ترکیہ پہنچ گیا جبکہ این ڈی ایم کی جانب سے شام میں بھی امدادی سامان بھجوادیا گیا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد پہنچانے کیلئے فضائی پُل قائم کرنے کاحکم دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق ترکیہ، شام میں زلزلے کے تیسرے دن بھی لاشیں نکالنے کا کام جاری، ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد افراد اس تباہ کن زلزلے سے متاثر ہوئے۔
ترکیہ میں کئی ہوائی اڈوں میں فضائی آپریشن بند کردیا گیا ،متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل بھی دشوار ہوگئی ،ترکیہ اور شام میں تیسرے وز بھی زلزلے سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے ،ترک حکام کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد افراد اس تباہ کن زلزلے سے متاثر ہوئے، اب تک ملبے سے 8ہزار سے سے زائد افراد کو نکالا جا چکا ہے ۔ترکیہ کے شہر شانلیعرفا میں شہریوں کو بھوک کا سامنا ہے۔
28 سالہ گول کیپر احمد ترک اسلان کے کلب نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے میں احمد چل بسے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے عوام کو کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے، متاثرہ علاقوں میں ابتدائی طور پر ہوائی اڈوں، سڑکوں کے مسائل تھے، صورتحال میں بہتری لا رہے ہیں، تمام وسائل کو متحرک کر دیا ہے، ریاست اپنا کام کر رہی ہے۔
پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 18634 پاؤنڈز امدادی سامان لے کر پہنچا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ پھنسے ہوئے پاکستانی طلباء کو وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے وطن واپس لانے کی بھی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی امدادی کھیپ بھیج دی گئی ۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سامان میں خیمے اور کمبل شامل ہیں ۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس فضائی پل کے ذریعے زلزلے سے متاثرہ شامی اور ترک عوام کو طبی سامان، ادویات ، رہائش کے لیے خیمے، خوراک کا سامان مہیا کیا جائے گا ، اس کے علاوہ یہ لاجسٹک معاونت بھی مہیّا کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے شام اور ترکی میں زلزلہ متاثرین کے لیے 100 ملین ڈالر کے امدادی فنڈ کا اعلان کردیا۔ ترک حکومت کی درخواست پر چینی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی چینی ریسکیو ٹیم کے 82 ارکان بدھ کے روز تقریبا 10 گھنٹے کی پرواز کے بعد جنوبی ترکیہ کے شہر اڈانا کے ہوائی اڈے پر پہنچے جس کے بعد انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کا م شروع کر دیا ۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے منعقدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ چین نے، شام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تین کروڑ یوان کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2 ملین امریکی ڈالر نقد اور شامی حکومت کو فوری ضرورت کا امدادی سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
