لاہور،اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہےحراستی تشدد، گرفتاریاں اور اغوا خالصتاً سیاسی انتقام ہے،گجرات میں پرویز الہی کے گھر پر پولیس کے مسلسل چھاپوں اور ان کے حامیوں اور ان کیساتھ کام کرنے والوں کی من مانی گرفتاریوں اور اغوا کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ٹوئٹر پر پیغام میں عمران خان نے لکھا یہ امپورٹڈ حکومت اور ان کے ہینڈلرز کی طرف سے ننگا فاشزم ہے، تاکہ ان تمام لوگوں میں خوف پھیلایا جائے جوہماری حمایت کرتے ہیں، آپ کو یاد دلا دیں ہماری حکومت کے دوران شریفوں اور دیگر کی گرفتاریاں اور ان کیخلاف کارروائیاں نیب کیسز کا نتیجہ تھیں جن میں 95 فیصد سے زائد کیس ہمارے اقتدار میں آنےسے پہلے اورپانامہ انکشافات کے بعد دائر کیے گئے تھے۔
انہو ں نے کہاکہ دوران حراست انہیں وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا گیا لیکن وہ این آر او چاہتے تھے جسے ہم نے مسترد کر دیا، اس کے برعکس وہ ہراساں کرنے، گرفتاریوں، حراستی تشدد اور اغواکے تمام طریقوں کو خالصتا سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں وہ کوئی بھی الیکشن نہیں جیت سکتے، اسلئے ریاستی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے ہمیں شکست دینے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ کام نہیں کرے گا، اس سے ہمارا عزم صرف مضبوط ہوگا۔
عمران خان سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کیساتھ زمان پارک میں ملاقات کی،ملاقات میں ملکی صورتحال، سیاسی امور، مہنگائی اور عوام میں بے یقینی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے، الیکشن لڑے تو ملکر لڑیں گے۔
