کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کب آگے چلے گی اسکا فیصلہ اورحتمی اعلان خان صاحب کریں گے۔
کراچی کے حلقہ این اے 244 سے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے علی زیدی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں گزشتہ روز سماعت ہوئی، 99 فیصد سے زائد شکایات فارم 11 سے متعلق تھیں،بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق شکایات پر الیکشن کمیشن ارکان حیران تھے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں آر اوز نے دھاندلی کی، جہاں آر او نہیں ملا وہاں پریذائیڈنگ افسر کو ساتھ ملا کر دھاندلی کی گئی،الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار ہوتے ہوئے کیسز کو دیکھنا چاہیے، امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن آر اوز کی دھاندلی کا نوٹس لے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں خبر چلی کہ ڈاکو بیلٹ باکس اٹھاکر لے گئے، پولیس سے مذاکرات کے بعد انہوں نے باکس واپس کئے، ڈاکو اب پولیس سے مذاکرات کریں گے؟۔ سنا ہے کہ سندھ حکومت ترکیہ میں امداد بھیج رہی ہے،یہاں لوگ کھلے آسمان تلے رہ رہے ہیں،سندھ کے حالات دیکھیں اور شرم کریں، فری ٹرپ انجوائے کرنے کیلئے ترکی کی مدد کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔
