متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پرذمہ داران کا اجلاس سینئر ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار،سید مصطفی کمال کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کنوینرز انیس قائمخانی، عبدالوسیم و دیگر رابطہ کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ یہ تمام نشستیں جن پر انتخابات ہونے جارہے ہیں یہ ہماری سیٹیں تھیں جن پرشہرسے باہر کے نمائندوں لا کرجبراََ عوام پر مسلط کردیا گیا تھا لیکن اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ کراچی کے لوگوں کا حق نمائندگی کراچی کے عوام کو واپس ملے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ تمام ذمہ داران اپنے اپنے حلقوں میں تنظیمی کاموں کو مزید تیز کرتے ہوئے عوام کے ساتھ رابطوں کو بڑھائیں، اسکے ساتھ ساتھ آنے والے جنرل الیکشن سے قبل ہو نے والی مردم شماری میں اپنے گلی محلوں رشتہ داروں اور دوستوں کے اہل خانہ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔
مصطفی کمال نے 12فروری کو ایم کیو ایم کے ہونے والے دھرنے سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایک ذمہ دار اور کارکن اپنے اہل خانہ، رشتہ دار، دوستوں اور اہل محلہ کے ہمراہ اس دھرنے میں شامل ہوں اور اپنے گلی محلوں میں عوام سے رابطہ کر کے انہیں بھی دھرنے کے مقاصد سے آگاہ کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان شہر ی سندھ کے حقوق کے لئے تاریخی دھرنا دینے جارہی ہے جس میں تمام ذمہ داران اپنی شرکت کو لازمی رکھیں اور اپنی تنظیمی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں، اس دھرنے میں شہری سندھ کے مستقبل کا فیصلہ ہوناہے، جن لوگوں کو زبردستی ہماری سیٹیں دی گئیں ان سے جمہوری طریقے سے یہ نشستیں واپس لے کر شہر کے لوگوں کو دیں گے۔
انچارج سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی فرقان اطیب نے ذمہ داران سے گفتگو میں کراچی کے ہونے والے ضمنی انتخابات میں تنظیمی کاموں میں تیزی لانے کے لئے ورکنگ کمیٹی کے ناموں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم،اراکین رابطہ کمیٹی مسعود محمود، عبدالقادر خانزادہ، شبیر قائمخانی، نیک محمد، شاکر علی سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
