کراچی: پاپوش نگر قبرستان میں بیگ سے ملنے والے نامعلوم شخص کے دھڑ اور بنارس پل کے قریب ندی کنارے سے ملے انسانی بازو کی بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے شہباز خان اچکزئی کے نام سے شناخت ہوگئی ہےمقتول جس کا آبائی علاقہ کوئٹہ جبکہ مقتول پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی کا رہائشی تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہباز خان اچکزئی کو کسی خاتون نے قتل کیا ہے جس کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ پولیس کو واردات کے حوالے سے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ملی ہیں جس میں ایک خاتون رکشا میں سفری بیگ میں لاش لے جاتے ہوئے دکھائی دی ہے،قوی امکان ہے مقتول شہباز خان اچکزئی کا قتل کوئی گھریلو تنازع ہے تاہم ابھی پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان کا کہنا ہے کہ پاپوش نگر قبرستان سے ایک روز قبل سفری بیگ سے نامعلوم شخص کا دھڑ ملا تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کچھ فاصلے پر بنارس پل کے قریب واقع ندی کے کنارے سے ایک انسانی بازو بھی ملا تھا۔
سفری بیگ میں دھڑ کے ساتھ ہاتھ پاؤں اور سر موجود نہیں تھا جبکہ سفری بیگ سے پولیس کو آلہ قتل چھری ، ہتھوڑی اور ایک خاتون کی شال ملی تھی جس میں دھڑ لپٹا ہوا تھا۔
نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے مقتول کے اعضا جسم سے الگ کیے، ملنے والے انسانی بازو کے ساتھ بھی کسی خاتون کے کپڑے ملے تھے۔
واقعہ کی تحقیقات میں پولیس کو کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز ملی ہیں جن کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور بہت جلد قتل کا معمہ حل ہونے کا امکان ہے۔
