عمران ،علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگایا جائے،شرجیل میمنi

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی ریاستوں کا کام ہی یہی ہے ، یہ نہیں کہ نام فلاح کا لیاجائے اور جب چار سالہ اقتدار کے بعد پوچھا جائے کہ آپ نے عوام کے لیے کیا کیا تو جواب آئے صفر بٹا صفر ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ سلیکٹڈ لوگ دن بدن عوام کے سامنے ایکسپوز ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قوم کے ساتھ اس سے بڑا مذاق کیا ہوسکتا ہے کہ عمران خان 10 مہینے تک عوام کو بے وقوف بناتا رہا اور کہتا رہا کہ انہیں بیرونی سازش کے تحت امریکا نے ہٹوایا۔ کل عمران خان نے اپنے انٹرویو میں اس پورے بیانیہ کو غیر مؤثر اور ختم کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران پر دو سو فیصد آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے ۔نہ صرف عمران بلکہ اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور صدر عارف علوی تینوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سائفر کی کاپی قومی اسمبلی میں لہرا کر وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اپنی غیر آئینی رولنگ کے تحت رد کیا تھا اور آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 10 منٹ کے بعد خبر آئی کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی توڑ دی ہے ۔صدر علوی غالباَ پریزیڈنٹ ہاؤس کے دروازے پر کرسی رکھ کر بیٹھے تھے ، جیسے ہی وزیر اعظم ہاؤس سے سمری آئی انہوں نے اسے منظور کر لیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا ہے۔ عمران قومی مجرم ہیں ۔ یہ قانون کی حکمرانی کا معاملہ ہے۔