الیکشن تاریخ دینے میں دانستہ تاخیر کی جا رہی ہے : عمران خان
لاہور ،اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر نہ ہوا تو ہر حد تک جا ئینگے۔
صدر مملکت پنجاب، کے پی کے گورنرز کو ہٹانے کیلئے کارروائی کریں ۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کی ملاقات میں انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ نہ ہونے پر عمران خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
اسد عمر، فواد چودھری، فرخ حبیب، مسرت جمشید چیمہ، شیریں مزاری، حماد اظہر، عون عباسی اور دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر الیکشن کمیشن اور گورنر کے الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے بعد کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اہم اجلاس میں آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ صدر عارف علوی کے آئینی کردار ادا کرنے کے آپشن پر بھی غور ہوا، عمران نے صدر سے ہونے والے رابطے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو 4دن ہوگئے مگر ا نہوں نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی، یہ عوام کے درمیان جانے سے ڈرتے ہیں،ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے ،یہ جانتے ہیں کہ الیکشن ہوا تو عوام عمران خان کو ہی منتخب کرینگے ،جوبھی آئین شکنی کرے اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے،حکومت اور ان کے ہمدرد الیکشن ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے،۔
فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی بحران کے باوجود الیکشن کی طرف نہیں بڑھ رہے ،جیل بھرو تحریک میں لاکھوں افراد گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں،عدلیہ کو منظم مہم کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے جس کو مریم نواز لیڈ کررہی ہیں ۔
حماد اظہر نے کہا کہ شوکت ترین کیخلاف عجیب و غریب کیس بنایا جارہا ہے ،وہ حقائق بتاتے ہیں اس لئے مقدمہ کردیا گیا۔
