Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
پاکستان دہشت گردی کے خلاف چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا : بلاول | زرائع نیوز

پاکستان دہشت گردی کے خلاف چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا : بلاول

میونخ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں قیام امن کیلئے کردارادا کرنا ہوگا۔

میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان افغان پناہ گزینوں کی کئی دہائیوں سے میزبانی کررہا ہے، افغان عبوری حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی ان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغان عبوری حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی اداروں کی ضرورت ہے، اس کیلئے عالمی برادری تعاون کرے۔ پینل مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا ہمارا موقف افغانستان کے حوالے سے بالکل واضح ہے ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن ہو۔

بلاول نے کہا پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے اور یہ صرف اس لئے ہے کہ خطے میں امن قائم ہو کیونکہ خطے میں کسی ایک بھی ملک میں دہشتگردی سے دیگر ممالک بھی متاثر ہوتے ہیں، پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول نے کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر وانگ ژی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں ۔وزیر خا رجہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے میونخ میں ہیں۔

چینی عہدیدار سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹو زرداری نے کہا کہ چین پاکستان کا ہر وقت کا دوست ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور سی پیک کی تعمیر کو فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے، پاکستان، چین شراکت داری علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے ہے، پاکستان دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ وانگ ژی نے کہا کہ ترقی و احیا ء کے حصول میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کو درپیش عارضی مشکلات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہیں۔فریقین نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی یوکرائنی ہم منصب دیمترو کولیبا سے بھی ملاقات ہوئی جس میں بیشتر معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اکثر کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا،پاک، یوکرائن عوام کے فائدے کیلئے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت کے عزم کا اظہارکیا گیا۔اس موقع پر وزیرخارجہ نے یوکرائن، روس تنازع پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا، یوکراینی ہم منصب پر مذاکرات اور سفارتکاری سے تنازع کے فوری حل پر زور دیا۔