لاہور: وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جو ملک مہنگا تیل سستا بیچے گا تو حال سری لنکا والا بن جائے گا ،گیس کا سرکلر ڈیٹ ختم کر دیا، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس اور بجلی کی قیمتیں غریب کے لئے کم اور امیر کے لئے زیادہ ہوں گی،بریک ڈائون کی رپورٹ سامنے آ گئی ، خود رپورٹ لکھی ہے لیکن کابینہ سے منظوری ہونے دیں، خان صاحب کون سی دنیا سے آئے ہیں کہ آپ کو جیل میں نہیں ڈالا جائے گا، خواجہ آصف میرے لیڈر ہیں لیکن پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا ،الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، کوئی حکومت الیکشن کا فیصلہ نہیں کرتی، فیصلہ الیکشن کمیشن ہی کرتا ہے، غریب پر نہیں ،طاقتور پرٹیکس لگایا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا جب سے وزارت کی ذمہ داری لی ہے تو سمجھ آئی عمران خان ٹھیک کہتے ہیں، ایک نہیں دو پاکستان ہیں، ایک پاکستان میں بلکتے بچوں کے باپ کو جیل میں ڈالا دیا جاتا تو دوسرے پاکستان میں ایک شخص ہیرو ں کی چوری پر گھر میں مزے کررہا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا ملک کے 60فیصد عوام کا گیس کا ٹیرف کم کر دیا گیا،جودس یونٹ گیس کا استعمال کرے گا تین گنا پیسے دے گا اور غریب آدھے سے کم پیسے دے گا، ہم نے ٹی اسٹال والے کا ریٹ کم کر دیا ،تندور والے اور بڑے ہوٹلوں کو گیس کی الگ قیمت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا ایک ہزار لوگ ہیں جو ملک پر قابض ہیں ، ملک ان کے لئے بنایا گیا ہے، ملک چار یا چھ سرمایہ داروں کیلئے بنایا گیا ؟قطر گیس پاور کمپنیوں کو تین ڈالر کی دیتی ہے ، سیٹھوں کو ستر سینٹ کی گیس دی جائے اب ایسا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کیلئے مرے جا رہے ہیں لیکن اس غریب ملک میں لوگ ایک ارب ڈالر کی گاڑیاں لیتے ہیں جن کا آپ نام بھی نہیں لے سکتے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ملک کا مستقبل انڈسٹریل گروتھ سے ہے، کالجوں سے نکلنے والے نوجوانوں کیلئے چھوٹے کارخانوں کو پروموٹ کریں گے۔انہوں نے کہا روس سے معاہدے کے تحت مارچ کے آخر یا اپریل کے آغاز تک آرڈردیں گے ،مئی تک گیس آنا شروع ہوجائے گی، روس سے تیل لینے کی وجہ سے لوگوں کو سہولت ملے گی۔
