ریاض : سعودی عرب کے شہری اور مکین بدھ کومملکت کے یوم تاسیس کے موقع پرشاندار تقریبات کے انعقاد اور ان میں شرکت کی تیاریاں کررہے ہیں۔یہ تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی۔یومِ تاسیس کے موقع پربدھ 22 فروری کو سرکاری تعطیل ہوگی جبکہ سرکاری ملازمین اور طلبہ جمعرات 23 فروری کو بھی تعطیل کے ساتھ طویل اختتام ہفتہ سے لطف اندوزہوں گے۔
نجی کمپنیاں ازخود یہ فیصلہ کریں گی کہ آیا اپنے ملازمین کے لیے جمعرات کی چھٹی دی جائے یا نہیں۔سعودی عرب کا یومِ تاسیس پہلی مرتبہ گذشتہ سال منایا گیا تھا اور شاہی فرمان کے مطابق یہ اب سالانہ عام تعطیل بن گیا ہے۔’یومِ تاسیس‘کی تاریخ تین صدیاں پرانی ہے جب پہلی سعودی ریاست سنہ1727ء میں امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی تھی۔
یومِ تاسیس کے موقع پرمملکت بھرمیں رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس ضمن میں دارالحکومت الریاض میں خصوصی طورپرمختلف تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے اورتعطیلات کی تیاری کےسلسلے میں شہر کے ٹاورز کو پہلے ہی سبزرنگوں سے روشن کردیا گیا ہے۔