تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کا کارکنوں کے ساتھ سرکاری املاک پر حملہ

پشاور: (دنیا نیوز) نواحی علاقے ہزار خوانی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہٰی نے رحمان بابا گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔

فضل الہٰی اپنے حامیوں کے ساتھ زبردستی گرڈ سٹیشن میں داخل ہو گئے اور بند فیڈرز کو چالو کر دیا۔ مظاہرین نے گرڈ سٹیشن کے اندر گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم پی اے فضل الہٰی نے عابد شیر علی کو چور قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عابد شیرعلی خود بجلی چوری کرتے ہیں اور ملبہ ہم پر گراتے ہیں۔ گرڈ سٹیشن کے ملازمین مظاہرین کے سامنے بے بس نظر آئے۔ کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد پولیس حکام موقع پر تو پہنچ گئے لیکن محض خاموش تماشائی بنے رہے اور مظاہرین کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف رہے۔

فضل الہٰی نے رحمان بابا گرڈ سٹیشن کے محاصرے کے بعد تاج آباد گرڈ سٹیشن پر بھی دھاوا بول دیا اور وہاں بھی زبردستی بند بجلی بحال کروا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: