اسد عمرکی انصاف ہائوس کراچی آمد، شاندار استقبال کیاگیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی انصاف ہائوس کراچی آمد پر پی ٹی آئی کراچی صدر آفتاب صدیقی نےشاندار استقبال کیا۔اسد عمر کی زیر قیادت نئی کراچی تنظیم کا اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں فردوس شمیم نقوی، ارسلان تاج، خرم شیر زمان ، سدرہ عمران،سعید آفریدی، فہیم خان، راجا اظہر ،شہاب امام، مسرور سیال، عدنان اسماعیل ،محمد طحہ، نواز مندوخیل،علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور،سعادیہ آغا، فضہ ذیشان، رانا ذکی شمسی، فلک الماس،سلمان خان سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئےاسد عمر نے کہا کہ کراچی کی نئی کابینہ کو مبارکباد دیتا ہوں، نیا پاکستان بنانے کا خواب ہے مگر ضرورت ہے اب نیا کراچی بھی بنایا جائے،کراچی کے اشوز کو سب سے تحریک انصاف نے اجاگر کیا، تحریک انصاف کی تنظیم گراؤنڈ کی سطح پر بھرپور اپنی کارکردگی انجام دے رہی ہے، پنجاب اور سندھ کی حکومت اس وقت ایف آئی آر موڈ پر ہے،الیکشن روکنے کیلئے حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔

اسد عمر نے کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کراچی تنظیم عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایات جاری کردیں،ساتھ ہی ساتھ پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے اسد عمر کو اپنی بریفنگ میں کراچی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا آفتاب صدیقی نے کہا کہ کراچی میں سندھ حکومت کے لگائے منصوبے کئی سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں، گزشتہ روز بی آر ٹی منصوبے کا دورہ کیا ہے جلد اورینج لائن منصوبے کا بھی دورہ کریں گے۔

آفتاب صدیقی نے مزید اجلاس میں تحریک انصاف کی خواتین ورکرز کی کارکردگی کو ہراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی خواتین مہنگائی کے احتجاج کی کامیابی کیلئے بھرپور کاوشیں کررہی ہیں، احتجاجی مہم کے حوالے سے تیاریاں مزید تیز کی جائیں، احتجاج کے حوالے سے لانڈھی میں تنظیم کی جانب سے عوامی کیمپ قائم کردیا گیا، احتجاج کیلئے مقامی تنظیم کو درپیش مشکلات کو فوری حل کیا جائے، لانڈھی اس شہر کا ایسا علاقہ ہے جہاں اکثریت مزدور طبقہ رہائش پذیر ہے، اس وقت مہنگائی نے ہر طبقے کی کمر توڑدی ہے مگر مزدور طبقہ شدید متاثر ہے، یہ وہ سفید پوش لوگ ہیں جو کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے، پی ٹی آئی پسے ہوئے کمزور طبقے کی مضبوط آواز ہے، ہم کراچی کے عوام کو مصنوعی مہنگائی کے بوجھ تلے پسنے نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: