ن لیگ الیکشن میں کلین سوئپ نہیں کرسکتی، مفتاح اسماعیل کا انکشاف

کراچی : سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پھر سے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی شروع کردی انہوں نے اگلے انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی کے امکانات کورد کردیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ نہ عمران خان حالات بدل سکتے ہیں، نہ ہی نواز شریف، جب تک ملک میں منظم اصلاحات نہیں لائی جاتیں تب تک کوئی سیاسی رہنما اس نظام کو بہتر نہیں کر سکتا ہے۔ایک انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن قطعی طور پر آنے والے انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرے گی۔

مفتاح اسماعیل کا ماننا ہے کہ پاکستانیوں کے پاس چاہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہوں، ان کی پارٹی کے قائد نواز شریف ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہوں یا مارشل لاء سمیت کوئی بھی نظام اس وقت تک نہیں بدلے گا جب تک کہ ہم اپنے نظام میں تبدیلی نہیں کریں گے۔

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ وہ اب انتخابی سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اور اپنے سیمینارز کے بعد سوچیں گے کہ انہیں زندگی میں آگے کیا کرنا ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ نہ حکومت کا حصہ ہیں اور نہ وہ اب حکومت سے رابطے میں ہیں۔