اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات میں سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی طرف سے جماعت اسلامی کی چھینی گئی نشستوں کے حوالے سے منگل کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی سماعت میں شرکت کی‘ ان کے ہمراہ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ اور قانونی امور کے نگراں سیف الدین ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں ایک بار پھر اپنے اس واضح اور دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن مزید تاخیر کے بجائے نتائج کے حوالے سے زیر التواء تمام نشستوں کے معاملات فوری طور پر طے کرے اور کسی بھی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر حق اور انصاف کی بنیاد پر فیصلہ کرے۔
انہوں نے کہاکہ ملتوی شدہ 11نشستوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کرے، دوبارہ گنتی کے نام پر جن نشستوں پر دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی ثابت ہوئی ہے پھر بھی اس کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے اسے ڈی نوٹیفائی کرے، جن آر اوز ڈی آر اوز سے شکایات ہیں اور جو سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے زیر اثر ہیں معاملات دوبارہ ان ہی کی طرف بھیجنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
ان کا کہناتھاکہ اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کا اور اپنی ایک ایک سیٹ کا تحفظ کریں گے اور اس کے لیے ہر قسم کا آئینی و قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کریں گے، احتجاج اور دھرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
