کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک سے قبل اشیاء خورونوش سمیت دیگراشیاء کے نرخوں میں اضافہ پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے،انکا کہنا تھا کہ رمضان المبارک سے قبل منافع خوروں نے پھل،سبزی،دالوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے دریغ اضافہ کردیا جس سبب عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے،ماہ صیام کی آمد سے قبل مہنگائی نے عوام کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا،تمام اشیاء حکومت کے دیئے گئے نرخ نامے کے بجائے من چاہی قیمتوں میں فروخت کی جارہی ہیں،انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا من چاہی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے تاکہ عوام کی پریشانیوں کو کم کیا جاسکے۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں مچھروں کی بہتات پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیرجمع رہنے اورطویل عرصے سے فیومیگیشن نہ ہونے کے سبب شہربھرمیں مچھروں کی بہتات ہے جس نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت وزیربلدیات سے مطالبہ کیا کہ فیومیگیشن شروع کرکے شہریوں کو مچھروں سمیت دیگرجراثیم سے محفوظ بنایا جائے۔
