کراچی میں پی ٹی آئی کا بلدیاتی امیدوار ڈکیتی کے دوران رنگے ہاتھوں‌ پکڑا گیا

کراچی: شہر قائد کے علاقہ بلدیہ چاندنی چوک پرانا نادرا آفس کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، واردات کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ عوام نے تعاقب کے بعد ایک ڈکیت کو پکڑ کر تشدد اور فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

ایس ایچ او مدینہ کالونی امداد علی نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے مارٹ میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ عرفان کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ انھوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا اپنا ہی ساتھی زخمی ہوگیا جسے بعدازاں عوام نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا تاہم واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر پکڑے جانے والے ڈاکو کو عوام کے چنگل سے نکال کر طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا جہاں اس کی شناخت 25  سالہ محمد نبی کے نام سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم اورنگی ٹاؤن طوری بنگش کے علاقے کا رہائشی ہے جس نے دوران تفتیش مختلف وارداتوں کا انکشاف کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار زخمی ڈکیت نے مبینہ طور پر بلدیاتی الیکشن میں یوسی 6 سے کونسلر کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور 305 ووٹ بھی حاصل کیے تھے۔

پولیس دعویٰ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ الیکشن سے قبل بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتا رہا ہے جس کا اُس نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اتحاد ٹاؤن اور اطراف میں موٹر سائیکل چھیننے اور میڈیسن کمپنی کی وین لوٹ چکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم آج شام بھی واردات کررہا تھا کہ شہریوں نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں حراست میں لیا، قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ملزم عبد النبی نے یوسی 6 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور وہ اس سے قبل بھی بری شہرت رکھتا تھا۔


نوٹ: آپ اپنی خبریں، پریس ریلیز ہمیں ای میل zaraye.news@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں آپ ہمیں اپنی تحاریر / آرٹیکل اور بلاگز / تحاریر / کہانیاں اور مختصر کہانیاں بھی ای میل کرسکتے ہیں۔ آپ کی بھیجی گئی ای میل کو جگہ دی جائے گی۔