ملک بھر میں 27 ویں شب مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی

کراچی ،لاہور: کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کی 27ویں شب انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ملک بھر مساجد نمازیوں سے اٹ گئیں اور تل دھرنے کی جگہ بھی نہ رہی،گلی کوچوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیاگیا۔

نماز تراویح کے اختتام پرمساجد میں ختم قرآن مجید کی محافل کا انعقاد کیا گیاجبکہ 27ویں رمضان المبارک کو بھی محافل شبینہ کا سلسلہ جاری رہا۔

اس موقع پر اجتماعی اختتامی دعائیں کی گئیں جس میں رقت آمیز مناطر دیکھنے کو ملے۔

شب قدر کے موقع پر فرزندان اسلام رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر نوافل اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہے، رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے رہے۔

لاہور میں داتا دربار کمپلیکس میں مدینہ فاؤنڈیشن، ہجویری فاؤنڈیشن، یو این ٹریڈرز سمیت دیگر مخیر شخصیات /اداروں کے تعاون سے جبکہ بادشاہی مسجد لاہور میں شیخ آزاد فاؤنڈیشن کے تعاون سے معتکفین اور دیگر شہریوں سے آئے ہوئے شہریوں کے لئے سحری کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کراچی میں فیضان مدینہ ، بولٹن مارکیٹ میں نیو میمن مسجد سمیت مختلف مقامات اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملکی ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: