اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش اور ڈپٹی ڈائریکٹر(ٹریڈ) ڈیپارٹمنٹ برائے بین الاقوامی تجارت حمید کمال سے ملاقات کی ۔
اس دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات ، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور اہم دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
معاون خصوصی نے ملکی معیشت میں مزید سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برطانیہ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی سہولت کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جس میں جائز خدشات جیسے کہ سرمائے کے آزادانہ بہا ئوکے مسئلے کے فوری ازالے کیلئے ایک طریقہ کار کی تشکیل بھی شامل ہے ۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کی اہمیت پر زور دیا اور بریگزٹ کے بعد کے منظر نامے میں برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کی تجارتی اسکیم (ڈی سی ٹی ایس) کے تحت نئی راہیں اور منڈیوں کو تلاش کرنے، مصنوعات اور خدمات کو متنوع بنانے اور ملازمتیں پیدا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے پاکستان سے برطانیہ کو ڈیوٹی فری برآمدات سمیت پاکستان کیلئے ٹیرف میں کمی اور آسان شرائط کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کئی شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ مضبوط اقتصادی تعلقات کا اعتراف کیا۔
