شہر قائد کے علاقے ملیر کینٹ میں فلیٹ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جس پر پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق بینک میں ملازمت کرنے والی خاتون کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے، جس پر ضابطے کی کارروائی کے بعد شوہر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی ملزم کے ساتھ دوسری شادی تھی جبکہ اُس کی پہلی بیوی اسلام آباد میں مقیم ہے۔
خاتون کی شناخت 45 سالہ عنبر زوجہ وسیم عباس کے نام سے ہوئی، لاش ہائشی اپارٹمنٹ لانیہ آرکیڈ کی چوتھی منزل پر واقع فلیٹ نمبر ڈی 402 ایک خاتون کی لاش ملی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ گرفتار ملزم نے اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کیا ہے، گرفتار ملزم وسیم نے 6 ماہ قبل خاتون سے دوسری شادی کی تھی۔ ملزم وسیم کی پہلی بیوی اسلام آباد میں مقیم ہے جس سے گرفتار ملزم کا ایک بیٹا بھی ہے اور گرفتار ملزم وسیم کے واٹر ٹینکر بھی چلتے ہیں۔
ملیر کینٹ پولیس نے خاتون امبر کے قتل مقدمہ الزام نمبر 23/212 بجرم دفعہ 302 کے تحت بھائی فہد علاءالدین کی مدعیت میں گرفتار شوہر وسیم عباس کے خلاف درج کر لیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق بھائی فہد نے اپنی بہن امبر اور بہنوئی وسیم عباس کو عید کے تیسرے دن رات کے کھانے کی دعوت دی تھی اور شام 7بجے سے اپنی بہن کو مسلسل فون کال کر رہے تھے لیکن بہن فون نہیں اٹھا رہی تھی جس پر بھائی فہد نے اپنے بہنوئی وسیم عباس کو فون کیا اور کہا میں ابھی گھر جا رہا ہوں اور ہم تیار ہو کر آ رہے ہیں۔
متن کے مطابق تقریباً سوا دس بجے کے قریب فون آیا کہ امبر بے ہوش پڑی ہے، اطلاع پر ہم گھر پہنچے تو بہن کی لاش بیڈ پر پڑھی تھی اور وسیم نے پولیس کو کال کر دی تھی۔ مدعی مقدمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بہنوئی وسیم عباس نے میری بہن امبر کو گلا دبا کر قتل کیا ہے لہٰذا قانونی کارروائی کی جائے۔