کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکین قومی اسمبلی کی رابطہ کمیٹی کے ساتھ طے شدہ ملاقات ہوئی ہے جس کا موجودہ سیاسی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں مردم شماری میں ادارہ شماریات کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں اور اب تک کے اعداد و شمار کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
سید مصطفی کمال نے کہا کہ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے اس تنظیمی میٹنگ میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو اپنے استعفے جمع کروائے ہیں اور حق پرست اراکین اسمبلی نے رائے دی کہ اگر ادارہ شماریات اپنی غلطیوں کوتائیوں اور حکومت مردم شماری پر تحفظات دور نہیں کرتی تو اسمبلی میں نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین نے ملاقات میں وزیراعظم اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے مردم شماری کے حوالے سے تمام تحفظات سنے اور انہیں دور کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ہر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔