اسلام آباد، کراچی : گیمنگ گروتھ لیب کے قیام کے بعد گوگل نے پاکستان میں پہلی ’’ایپ گروتھ لیب‘‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
نئی لیب چار ماہ دورانیہ کا پروگرام ہے جسے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ایسے ایپ ڈیویلپرز، سٹوڈیوز اور کمپنیوں کی نشاندہی کیلئے تیار کیا گیا ہے جو اپنے کاروبار کی ترقی کو تیز کرنا چاہتے ہیں۔
اس لیب کا قیام پاکستان کی ایپ انڈسٹری کے مقامی اور عالمی سطح پر ترقی دینے میں مدد کیلئے گوگل کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔جامع تعلیم اور معاونت کے مراحل پر مشتمل یہ پروگرام ایپ ڈیویلپرز کواشتہارات ،ایڈموب، فائربیس، جی ٹیک اور پلے میں گوگل کے ماہرین کے علاوہ دیگر صنعتی ماہرین سے سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کیلئے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم موجودہ اور مستقبل کے مقامی ڈیویلپرز کی مدد کیلئے ایپ گروتھ لیب قائم کر رہے ہیں جو انہیں اپنی پیشکشوں کو بین الاقوامی صارفین تک وسعت دینے میں مدد کریگی۔یہ پراجیکٹ ملک میں ڈیویلپرز کیلئے مستحکم ماحولیاتی نظام کے قیام میں مدد دینے کیلئے گوگل کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔
ایپ گروتھ لیب کا پروگرام جون میں ہوگا اور چار ماہ تک جاری رہے گا، دلچسپی رکھنے والے ادارے، ایپ اور ڈیویلپمنٹ اسٹوڈیوز 22 مئی، 2023ء تک درخواست دے سکتے ہیں۔