کراچی:پیپلز پارٹی کے بانی،سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی،میرمرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی اور مصنفہ فاطمہ بھٹو نے شادی کے دوسرے روز اپنے نومسلم شوہر جبران (گراہم بائر) اور اپنے بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اور میرعلی کے ہمراہ کراچی میں اینیمل ویلفیئر ادارے کا رخ کیا اورمختلف جانوروں کی دیکھ بھال کے علاوہ ان کے ساتھ وقت گزارا۔
فاطمہ بھٹو کا کہنا تھا کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور بھی خطہ ارض کا حصہ ہیں، انسان کی انسان سے محبت اور خلوص تو عام بات ہے، لیکن انسان کی جانور سے محبت ایک خاص اہمیت رکھتی ہے۔
فاطمہ بھٹو اینیمل ویلفیئرادارے میں جانوروں کے لیے فروٹس اورکھانے پینے کی دیگراشیا لیکرگئیں جوجنگلی حیات کو کھانے کے لیے پیش کی گئیں۔
فاطمہ بھٹو نے گزشتہ روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ پرلکھا تھا کہ وہ شاندار شادیوں کے حق میں نہیں، خصوصاً اس وقت جب مہنگائی کے باعث بہت سارے لوگ حصول رزق کی جدو جہد کررہے ہیں تو یہ بہت نامناسب محسوس ہوتا ہے کہ شادی کی شایان شان تقریب کا اہتمام کیا جائے۔