وزیراعظم نے بارشوں اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں،جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے اور جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔وزیراعظم نےنیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے۔ وزیراعظم نے عوام سے بھی اپیل کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔

وزیر اعظم نے محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج جہاں ہم محنت کش طبقے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی شراکت کا جشن مناتے ہیں تووہاں حقیقت یہ ہے کہ عالمی منڈیوں میں خلل نے زندگی کے بحران کو مشکل اور شدید تربنا دیا ،محنت کشوں کے حقوق کو پورا کرنا اور لوگوں کو نظام میں حصہ دار بنانا عالمی معیشت کے لئے ایک بنیادی چیلنج ہے۔

وزیر اعظم نے کہا اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ محنت کش لوگ خود کو شدید دباؤ میں محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا مادی ترقی کی وہ عمارت جو محنت کی بنیاد پر کھڑی ہے، اگر اس کو ممکن بنانے والوں کو اس کے ثمرات سے محروم رکھا جائے تو وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی وی فلیکس کا آغاز ایک بہترین اقدام ہے،یہ ایپ پی ٹی وی کے مواد کو مزید تقویت بخشے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: