کراچی: مختلف علاقوں میں پیر کو تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سسٹم آج تک فعال رہے گا،آج بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے، مغربی ہواؤں کا سسٹم جنوبی بلوچستان اور سندھ پر برقرار ہے جبکہ سسٹم کا پھیلاؤ شمالی بحیرہ عرب تک پھیلا ہوا ہے۔
پیر کی شام کو ملیر،ماڈل کالونی، ملیر کینٹ، صفورا گوٹھ، سپرہائی وے، گڈاپ، ایئرپورٹ، گلشن حدید، سعدی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ گرمی کی شدت میں کمی آگئی، ملیر میمن گوٹھ میں بعض مقامات پر ژالہ باری کی اطلاعات ہیں۔
بارش کے دوران مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل ہے۔