ٹوکیو،بیجنگ: چین کے امیر ترین افراد میں شامل جیک ما نئی ملازمت کرنے لگے اورجاپان میں پروفیسر بن گئے۔
رپورٹ کے مطابق ای کامرس کمپنی علی بابا کے شریک بانی جیک ما 33 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور طویل عرصہ سے عوام کی نظروں سے دور ہیں۔
انہوں نے ٹوکیو یونیورسٹی کے زیر تحت ٹوکیو کالج میں پروفیسر کے طور پرپڑھانے اور تحقیقی کام کرنے کی پیشکش قبول کی ہے۔جیک ما کالج کے مشیر کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دینگے اور کانفرنسز کا حصہ بھی بنیں گے۔ وہ یونیورسٹی عملہ کیساتھ زراعت اور خوراک کی پیداوار کے موضوعات پر تحقیق بھی کرینگے۔
اکتوبر 2020 میں ان کی جانب سے چین کے بینکنگ ریگولیٹرز پر تنقید کی گئی تھی جس کے بعد حکام نے انکے آنٹ گروپ کے مجوزہ 37 ارب ڈالرز کے آئی پی او کو روک دیا تھا۔
اسکے بعد جیک ما کافی عرصہ تک چین سے باہر رہے اور چند ہفتے قبل پہلی بار انکی بیجنگ میں تصویر منظرعام پر آئی۔تدریسی ملازمت اختیار کرنے سے قبل بھی جیک ما نے کافی وقت جاپان میں گزارا اور رواں سال جنوری میں آنٹ گروپ کے کنٹرول سے دستبردار ہو گئے تھے۔