اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو گی۔ اے این پی نے اے پی سی کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اے پی سی میں ایم کیو ایم کی جانب سے 2 رکنی وفد کے نام فائنل ہو گئے ہیں،جن میں ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار اور بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک شامل ہیں۔
ادھرسینیٹر حاجی ہدایت اللہ کی سربراہی میں عوامی نیشنل پارٹی کے وفد کی بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔
سینیٹر حاجی ہدایت اللّہ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں سینیٹر منظور احمد کاکڑ اور رکن قومی اسمبلی خالد مگسی کو ’’باپ‘‘ کے صدر عبدالقدوس بزنجو کے نام اے پی سی میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔
منظور کاکڑ اورخالدمگسی نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔اے این پی کے وفد نے چیئرمین سینٹ کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔