کوئٹہ، اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سب سے بااختیار ادارہ ہے اور اس کے بنائے قوانین کو تبدیل یا رد کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان ومرکزی سینئر نائب امیر ڈاکٹر علی محمد ابو تراب اور پروفیسر سجاد قمر سے ملاقات میں کیا۔
وفد نے مولانا فضل الرحمن سے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور مرحوم کی تعزیت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
فضل الرحمن نے کہا کہ سب سے زیادہ احتساب سیاست دانوں کا ہوا ہے،آئین پاکستان بھی سیاست دانوں نے اس ملک کو دیا ہے،اس آئین پر پوری قوم متفق ہے اور اسی کے مطابق کاروبار حکومت اور ریاست چل رہا ہے،پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قوانین کو کوئی بھی ادارہ یا عدالت نہ رد کر سکتا ہے اور نہ تبدیل کر سکتا ہے،ہم پہلے دن سے اپنے موقف پر کھڑے ہیں اور جو کچھ ہم نے کہا تھا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے عمران خان کے سارے جھوٹ بے نقاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران نے نفرت ،جھوٹ اور دھوکہ دہی کے جو بیج ہوئے ہیں وہ خود ان کا شکار ہوں گے۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کی کوششوں سے ملک تباہی کے دہانے سے واپس آیا ہے،عمران خان نے پوری کوشش کی کہ ملک ترقی کے راستے سے ہٹ جائے ۔