پنجاب میں فلورملز کی علامتی ہڑتال،آٹا مہنگا ہوگیا

لاہور: پنجاب کی فلور ملوں نے محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی نقل وحمل پر عائد غیر قانونی پابندی کے خلاف دو روزہ علامتی ہڑتال کے پہلے روز سوموار کو آٹے کی فروخت 4گھنٹے کے لئے معطل رکھی ،20 کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت مزید70روپے جبکہ 80کلو میدہ فائن کی بوری کی قیمت میں ایک ہزار روپے کااضافہ ہو گیا ۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما عاصم رضا کے مطابق سندھ کی ملوں نے مطالبات کی منظوری کے بعد ہڑتال موخر کر دی تھی تاہم پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مل مالکان نے گندم کی نقل وحمل پر عائد غیر قانونی پابندی کے خلاف ہڑتال کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا اور 2بجے سے شام 6بجے تک 4 گھنٹے کی علامتی ہڑتال کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گندم اور گندم کی مصنوعات کی نقل وحمل پر غیر قانونی اور غیر آئینی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں۔ اگر حکومت پنجاب نے اپنی پالیسی میں تبدیلی نہ کی تو صوبے میں غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔

لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی یوسف کے مطابق پرچون سطح پر20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2630روپے سے بڑھ کر 2700روپے جبکہ 80کلو میدہ فائن کی بوری کی قیمت 12000روپے سے بڑھ کر 13000روپے ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: