لندن : ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ انہیں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے لیے ایک نیا چیف ایگزیکٹو مل گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ایلون مسک نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ٹوئٹر کے لیے ایک نئے سی ای او کی خدمات حاصل کرلی ہیں اور وہ 6 ہفتوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے سی ای او کے نام کا اعلان تو نہیں کیا لیکن وہ ایک خاتون ہوں گی۔
اپنے بیان میں ایلون مسک نے مزید کہا کہ وہ ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے، اب وہ ٹوئٹر کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی نئی سی ای او ’لنڈا یاکارینو‘ (Linda Yaccarino) ہوں گی۔ لنڈا یاکارینو کون ہیں، آئے ایک نظر ان کے کیریئر پر ڈالتے ہیں۔
لنڈا یاکارینو اس سے قبل این بی سی یونیورسل کے ساتھ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ منسلک رہی ہیں، این بی سی یونیورسل میں ان کی ذمہ داری باحیثیت وکیل اشتہارات کے بہتر اثرات کو جانچنا تھی۔ این بی سی یونیورسل میں بطور ایڈورٹائزنگ سیلز کی سربراہ اپنی خدمات انجام دیں۔
لنڈا یاکارینو ٹرنر انٹرٹینمنٹ کے ساتھ 19 برس منسلک رہیں۔ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ٹرنر انٹرٹینمنٹ کے اشتہارات کی فروخت کے آپریشن کو ڈیجیٹلائز کیا۔
انہوں نے اپنی تعلیم پین اسٹیٹ یونیورسٹی سے مکمل کی ہیں جہاں انہوں نے لبرل آرٹس اور ٹیلی کمیونیکیشن کی تعلیم حاصل کی ہے۔
لنڈا یاکارینو نے گزشتہ ماہ میامی میں ایک اشتہاری کانفرنس کے دوران ایلون مسک کا انٹرویو کیا تھا۔ انہوں نے حاضرین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تالیوں کے ساتھ ایلون مسک کا استقبال کریں اور ان کے کام کی اخلاقیات کو سراہیں۔اب اگر لنڈا یاکارینو کمپنی چھوڑ کرجاتی ہیں تو یہ بڑا دھچکا ہوگا۔
