ایف آئی اے کرائم سرکل نے میرپور خاص میں بڑی کارروائی کی اور اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔ ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے۔
ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ جس کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کئے گئے۔ گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور شامل ہیں۔
تمام ملزمان کا تعلق میرپور خاص سے ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شینگن ویزے پر جارڈن ائرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے اور ویسٹرن یونین سے پاکستان رقم بھیجتے تھے۔
ملزمان ترکی، کینیا اور سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ائرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے۔ ملزمان وطن واپسی کے لئےدبئی کے راستے جارڈن ائرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ملزمان سمیت 8 افراد کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔ جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
