پارا چنار میں‌ حالات کشیدہ، ایم ڈبلیو ایم نے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دے دیا

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت پاراچنار میں دہشتگردوں کی لشکر کشی کے خلاف خراسان تا نمائش ریلی نکالی گی جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی سے علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا اشرف حسین کاشفی، عزادری سیل کے صدر رضی حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری نے کہا کہ پاراچنار میں پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن پر شرپسندوں کا حملہ باعث تشویش ہے، پاراچنار کے شیعہ پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہیں، پاراچنار پر دہشت گردوں کی لشکر کشی پر امپورٹڈ حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل شیعہ قوم پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ادا کریں اور پاراچنار میں جنگ بندی کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیا جارہا ہے، ملک بھر کی محب وطن عوام میں اپنے پاراچنار کے بھائیوں کے لئے تشویش پائی جاتی ہے، ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں کو لگام دیں ورنہ پاکستان بھر کی سڑکیں لبیک یا حسین کے نعروں سے گونج اٹھیں گی۔