کورنگی میں تین روز قبل بانی ایم کیو ایم کی حمایت میں نکلنے والی ریلی کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے بھی اندرون خانہ حمایت رکھنے والوں کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے لندن کارکنان سے رابطہ یا بانی متحدہ سے ہمدردی رکھنے والوں کو نشاندہی کے بعد غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔
ذرائع کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق رابطہ کمیٹی نے گیارہ جولائی کو 8 ذمہ داران و کارکنان کی بنیادی رکنیت غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کی۔ ان سب کا تعلق محمود آباد سے ہے۔
معطل ہونے والوں میں سابق ٹاؤن ممبر، سابق جوائنٹ یوسی انچارج، سابق یوسی کمیٹی ممبر، سابق کونسلر، دو سابق جوائنٹ یوسی آرگنائزر، دو سابقہ کارکن شامل ہیں۔
کارکنان اور ذمہ داران کو بذریعہ سرکلر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معطل کیے جانے والے افراد سے کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہ رکھیں بصورت دیگر اُن کے خلاف بھی تنظیمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم کیو ایم لندن کے رہنما آفتاب بقائی کو عدالت نے جیل بھیج دیا
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ بانی متحدہ یا لندن کارکنان کے حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی نرم گوشہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی ایسے افراد قوم سے مخلص ہیں۔
کارکنان کو پالیسی دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت حمایت یا لندن سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے نظر نہ آئیں۔