پاکستانی ویمن ٹیم نے ٹی ٹوینٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو ہرادیا

پاکستانی ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی ویمن انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ سنسنی انداز 5وکٹوں سے جیت لیا، میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، 151 رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم نے 5 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر150 رنز اسکور کیے۔
مہمان ٹیم کی ٹیزمن برٹس نے 78 رنز کی اننگز کھیلی،اس میں 9 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا، کپتان لورا ولوارٹ نے 38 گیندوں پر6 چوکوں کی مدد سے44 رنز بنائے،کیپ 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔
پاکستانی فیلڈرز نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم از کم تین کیچز ڈراپ کیے،نشرہ سندھو نے 20 ،سعدیہ اقبال نے 22 اور فاطمہ ثنا نے 38 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ باہم تقسیم کی۔
جواب میں پاکستان ٹیم نے بہترین مقابلہ کیا، سدرہ امین نے 31 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے38 رنز کی اننگ کھیلی، سینیر بیٹر بسمعہ معروف نے 30 گیندوں پر 37 رنز اسکور کیے جن میں 4چوکے بھی شامل تھے۔
منیبہ علی نے 19 اور شوال ذوالفقار نے 11 رنز جوڑے، کپتان ندا ڈار 2 رنز کی مہمان رہیں،آخری اوور میں جیت کے لیے درکار 8رنز تھے۔
آخری گیند پر عالیہ ریاض نے اسٹروک کھیل کر مطلوبہ ایک رن بنالیا،وہ25 گیندوں پر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں، فاطمہ ثنا نے 2 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں،کیپ نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ چار پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: