وکی کوشل نے کترینا کیف کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں آفرز تو ہورہی ہیں مگر وہ اس کا فیصلہ اسکرپٹ دیکھ کر کریں گے۔
نیوز 18 کو انٹرویو دیتے ہوئے وکی کوشل نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے مقابل رول کرنے کی آفرز ہورہی ہیں مگر ہم صرف اس لیے کسی فلم میں ساتھ کام نہیں کریں گے کہ مداح ہماری جوڑی کو اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں، بلکہ ہم یہ فیصلہ اسکرپٹ اور اپنا رو دیکھ کر کریں گے کہ وہ ہمارے لیے موزوں ہے یا نہیں۔
قبل ازیں ایک اور ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں وکی کوشل سے جب ان کے سب سے بڑے ناقد کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کترینا مجھ پر سب سے زیادہ تنقید کرتی ہے، اور اس بارے میں وہ بڑی سخت ہے، آپ اسے ایک ظالم اور سفاک ناقد کہہ سکتے ہیں۔
وکی کوشل نے بتایا کہ وہ گھر پر کترینا کے ساتھ اسکرپٹس پر تبادلہ خیال کرتے ہیں مگر بہت زیادہ سنجیدگی سے نہیں، اور نہ ہی اپنے کام پر بہت زیادہ بات چیت کرتے ہیں کیونکہ ہم اپنے گھر کو آفس نہیں بنانا چاہتے۔