کورنگی صنعتی ایریا انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باپ اور کمسن بیٹی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل ( پستول ) برآمد کر لیا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کورنگی کے مطابق گرفتار ملزمان میں طارق عرف کریلا ، فاروق اور زوہیب شامل ہیں، ملزمان نے 24 ستمبر 2023 کو کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی اے ڈی ایم کمپنی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرانے پر سرکاری سیکیورٹی ادارے کے اہلکار کو اس کی کمسن بیٹی 2 سالہ انعم گلی سمیت فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
تین موٹرسائیکلوں پر سوار 6 ڈاکو سروس روڈ پر واردات کر رہے تھے ، ملزمان میں سے ایک ڈاکو کو مقتول طاہر نے پکڑ لیا تھا، مقتول طاہر کے ہاتھوں پکڑے گئے ایک ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کی، ڈاکووں کی فائرنگ سے طاہر زمان اور دو سالہ بیٹی انعم جاں بحق ہوگئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق دو گرفتار ملزمان سندھ اور تیسرے ملزم کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے لئے کراچی آتے تھے اور چند روز تک وارداتیں کر کے واپس چلے جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے مذید تین فرار ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ واقعے کے وقت مقتول اس کی اہلیہ اور دو بچے موٹرسائیکل پرسوارتھے ، ڈاکووں کی فائرنگ سے مقتول کا کمسن بیٹا اور اہلیہ محفوظ رہے تھے۔
دو مسلحہ ڈاکو ایک شہری سے چار لاکھ روپے چھین رہے تھے جبکہ ان کے چار ساتھی ڈاکو دور کھڑے تھے ، قریب میں طاہر زمان نے اپنی موٹرسائیکل کھڑی کی ہوئی تھی اور اس کی اہلیہ فیڈر سے اپنے چھوٹے بیٹے کو دودھ پلا رہی تھی۔ طاہر زمان نے بہادری دکھاتے ہوئے ایک ملزم کو دبوچ لیا تھا جس پر اس کے دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طاہر زمان اور کمسن انعم گل گولیوں کا نشانہ بن گئے۔
دوران تفیش باغ کورنگی سے ایک ملزم طارق عرف کریلا کو گرفتار کیا گیا تھا ، اس سے تفتیش کے بعد نشاندہی پرمزید دو ڈاکو گرفتار کیے گئے، تین ملزم تاحال مفرورہیں۔
باپ بیٹی کے قتل کا مقدمہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کیا تھا ، رواں سال دوران ڈکیتی قتل ہونے والے افراد کی تعداد 119 تک پہنچ گئی ہے۔
