عشرت العباد کی سیاسی انٹری کی تیاری : ’روک سکو تو روک لو‘

دبئی میں مقیم سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ملک میں جاری اضطراب کی کیفیت اور مایوسی کو ختم کرنے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے بھرپور انداز سے سیاسی میدان میں آنے کی تیاری مکمل کرلی۔

ڈاکٹر عشرت العباد کی تیاریاں شروع ہوتے ہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اُن سے رابطے بھی کیے اور سیاست میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے اور عوام کو مایوسی سے نکالنے کا عزم لے کر جلد ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

سیاسی رہنماؤں کے رابطے

ذرائع کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل مسلم لیگ ن کی قیادت نے ڈاکٹر عشرت العباد سے دبئی میں ملاقات کی اور انہیں بالخصوص کراچی اور سندھ کی سیاست میں کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

بتاریخ 23 نومبر کو سابق گورنر سے استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے سندھ سمیت کراچی کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق محمود مولوی نے عشرت العباد سے سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کی درخواست کی اور ملک کو مسائل سے نکالنے کیلیے مل کر چلنے کی پیش کش بھی کی۔

استحکام پاکستان پارٹی کی عشرت العباد سے سیاسی کردار ادا کرنے کی درخواست

محمود مولوی نے ذرائع نمائندے سے تصدیق کی کہ اُن کا عشرت العباد سے رابطہ ہوا ہے۔ صدر استحکام پارٹی نے کہا کہ عشرت العباد کراچی کے حالات سے اچھی طرح واقف ہیں، ہماری خواہش ہے کہ وہ سیاسی عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی اور انتظامی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کا پاکستانی سیاست میں کردار ادا کرنا ضروری ہے۔

عشرت العباد نے آئی پی پی سندھ کے صدر سے گفتگو میں ملک میں جاری مایوسی اور اضطرابی کیفیت سمیت مسائل کے حل پر گفتگو کی اور کہا کہ ’حالات سے نکلنے کے لیے سب کو ملکر چلنا ہوگا‘۔

’عشرت العباد سے سیاسی لوگوں کے رابطے معمول کی بات ہے‘

دوسری جانب سابق گورنر کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’عشرت العباد کے سیاسی لوگوں سے رابطے معمول کی بات ہے اور آئی پی پی قائدین سے ہونے والا رابطہ بھی ایسے ہی ہے‘۔

’سب کچھ تبدیل ہوگا، روک سکو تو روک لو‘

مستقبل میں ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق گورنر کے ترجمان نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ عوام میں پھیلی مایوسی کو ختم کیا جائے، اب سب کچھ تبدیل ہوگا، روک سکو تو روک لو‘۔

ذرائع کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق عشرت العباد بہت جلد سیاسی میدان میں متحرک نظر آئیں گے جس کے بعد کراچی کی صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے۔ یہ بھی اندیشہ ہے کہ سابق گورنر کے متحرک ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے ناراض کارکنان اور وہ رہنما و کارکنان جو کسی سیاسی جماعت میں گئے وہ بھی واپس آجائیں گے۔


نوٹ : آپ ذرائع نیوز سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہنے کیلیے ہمارا واٹس ایپ چینل لنک پر کلک کر کے جوائن کرسکتے ہیں۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں: