کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد کے دو بڑے اسپتالوں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے کراچی پولیس کو اطلاع بھیجی ہے کہ جناح اسپتال اور قومی ادارہ برائے اطفال پر حملوں کے لیے دہشت گردوں نے ریکی کرلی، القاعدہ برصغیر کے دہشت گرد اسپتال میں مریضوں اور عملے کو نقصان پہنچانے کا پلان کررہے ہیں۔
حساس اداروں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اسپتال میں آکسیجن اور نیوکلر پلانٹ پر دھماکا کر کے تباہی مچاسکتے ہیں اس کے علاوہ پارکنگ ایریا، انتظار گاہ اور کینٹین میں بھی حملے کیے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پولیس کو الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کیا ہے، جناح اسپتال کی ایگیزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی اور پروفیسر جمال رضا کو بھی حساس اداروں نے نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں پہلے بھی اس قسم کے حملوں کی دھمکیاں موصول ہوتی رہی ہیں، انتظامیہ سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کرسکتی ہے۔