کراچی: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی قیادت سے متعلق دائر کیس کا فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق اب قانونی طور پر خالد مقبول صدیقی پارٹی کنونیئر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ پارٹی قیادت کے تنازع پر ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں بہادر آباد اور پی آئی بی گروپ نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
26 مارچ کو الیکشن کمیشن نے بہادر آباد گروپ کے خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے پی آئی بی گروپ کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دے کر ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ سے ہٹا دیا تھا۔
جس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے 26 مارچ کے الیکشن کمیشن کے حکم نامے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 29 مارچ کو الیکشن کمیشن کا 26 مارچ کا فیصلہ معطل کیا اور بعدازاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد 17 اپریل کو درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔