اسلام آباد: آسیہ بی بی کی طرف سے مقدمہ لڑنے والے وکیل نے کہا ہے کہ مجھے کوئی بھی قتل کرسکتا ہے لہذا ریاست تحفظ فراہم کرے۔
وکیل صفائی سیف الملوک کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کے مقدمے کے باعث انہیں مذہبی انتہا پسندوں کے غیض و غضب کا سامنا ہے، وہ اپنے تحفظ کے حوالے سے پریشان ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کوئی بھی انہیں کسی بھی وقت قتل کرسکتا ہے۔
دی نیوز کے مطابق وکیل سیف الملوک نے کہا ہے کہ انہیں آسیہ بی بی کے مقدمے پر کوئی افسوس نہیں ہے اور وہ عدم برداشت کے خلاف اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کے فیصلے سے یہ بات واضح ہوگئی کہ اس ملک میں غریب ، اقلتیں اور پسے ہوئے طبقات کو بھی انصاف مل سکتا ہے۔ ’ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا اور بہترین دن ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اب میرے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہے اور میں بنا سکیورٹی کا تر نوالہ ہوں جسے کوئی بھی مار سکتا ہے‘۔
