نیس کیفے بیس منٹ سیزن فائیو سے صوفیانہ کلام گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی کلاسیکل ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کی ایک بڑی خواہش پوری ہوگئی انہوں نے لاہور میں عاطف اسلم کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کر کے سماں باندھ دیا۔
اُن کی پہلی خواہش یہ تھی کہ کارٹون کریکٹر ڈورے مون گانا سُنے اور دوسری یہ تھی کہ وہ نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم سے ملاقات کریں۔
ہادیہ کی یہ خواہش ایک قدم آگے بڑھ کر پوری ہوئی کیونکہ انہوں نے لاہور میں سجے فیسٹیول میں عاطف اسلم کے ساتھ اسٹیج پر گانا گایا جس پر شائقین نے انہیں داد و تحسین سے نوازا۔
ننھی گلوکارہ نے عاطف اسلم کے ساتھ اُن کا گانا ’دل دیا گلاں‘ بہت خوبصورتی کے ساتھ گایا، کلاسیکل اور پاپ کے امتزاج کو سُن کر وہاں موجود شائقین نے کھل کر داد دی اور ہادیہ کے فن کو سراہا۔
ہادیہ ہاشمی نے اپنے یوٹیوب پر بھی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے عاطف اسلم کے ساتھ سب سے پہلے قومی نغمہ ’اے وطن کے سجیلے جوانوں‘ ، ’دل دیا گلاں‘ بھی گایا۔ عاطف اسلم نے ننھی گلوکارہ کا بھرپور ساتھ دیا۔
